اسلام آباد – 28 اپریل 2024 –ملک کے 91 اضلاع میں 29 اپریل بروز پیر سے پانچ سال سے کم عمر 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو عمر بھر کیلئے معذور بنانے والے پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی خصوصی پولیو مہم شروع ہو گی۔

خصوصی انسدادِ پولیو مہم اسلام آباد، پنجاب کے 10 اضلاع، سندھ کے 24 اضلاع، خیبرپختونخوا کے 26 اضلاع اور بلوچستان کے 30 اضلاع میں منعقد کی جارہی ہے جس کے دوران پولیو ٹیمس گھر گھر جا کر 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔

وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ حکومتِ پاکستان ملک بھر کے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے محفوظ بنانے کیلئے پہلے سے زیادہ پرعزم ہے۔

"حالیہ دنوں میں ملک میں سیوریج کے پانی کے متعدد نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ وائرس بچوں کی صحت کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے۔" ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے مزید کہا کہ پولیو لاعلاج مرض ہے اور اس سے بچاؤ کا واحد حل ویکسینیشن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "پولیو مہم کے دوران پولیو ورکرز آپ کے گھر کی دہلیز پر آئیں گے ان کے ساتھ مکمل طور پر تعاون کریں اور اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔"

کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم مہم ہے جس کا انعقاد ان اضلاع میں کیا جارہا ہے جہاں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کا زیادہ خطرہ ہے۔

ڈاکٹر شہزاد بیگ نے مزید کہا کہ ’’"ہم نے اس سال 31 اضلاع میں پولیو وائرس کا پتہ لگایا ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ ہم ان تمام ہائی رسک اضلاع میں باقاعدگی سے پولیو مہم کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ بچوں میں اس وائرس سے لڑنے کیلئے قوت مدافعت پیدا ہو۔"

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔ اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

 مزید معلومات کیلئے رابطہ کریں:

Ms. Hania Naeem, Communications Officer, NEOC, +923431101988

 عنوان البريد الإلكتروني هذا محمي من روبوتات السبام. يجب عليك تفعيل الجافاسكربت لرؤيته.