پولیو اپڈیٹ – اسلام آباد، 27 مارچ، 2024

ضلع بدین کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

قومی ادارہ صحت میں قائم انسداد پولیو لیبارٹری کے مطابق ضلع بدین اور پہلے سے متاثرہ دیگر چھ اضلاع سے لیے گئے سیوریج کے پانی کے نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے جس کے بعد ملک میں رواں سال مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد 83 اور وائرس کے لیے مثبت اضلاع کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔

ان نمونوں میں ملنے والے وائرس کا جینیاتی تعلق پولیو وائرس کے وائے بی تھری اے کلسٹر سے ہے، جو 2021 میں پاکستان میں ختم ہوگیا تھا اور 2023میں سرحد پار سے پاکستان میں واپس آیا تھا۔ رواں سال مثبت ہونے والے تمام ماحولیاتی نمونوں اور دو پولیو کیسز میں یہی وائرس پایا گیا ہے۔

وفاقی سیکرٹری برائے قومی صحت افتخار علی شلوانی نے کہا کہ ملک بھر کے بچوں کی صحت کی حفاظت کو یقینی بنانا سب سے اہم ہے، پولیو وائرس سے لاحق مسلسل خطرے کے پیشِ نظر وفاقی سیکرٹری صحت افتخار علی شلوانی نے والدین پر زور دیا کہ اپنے پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو ہر پولیو مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں کیونکہ مستقبل کے معماروں کو پولیو وائرس سے بچانا ہم سب کی اجتمائی ذمہ داری ہے۔

پاکستان پولیو پروگرام رواں سال دو ملک گیر انسداد پولیو مہمات کا انعقاد کر چکا ہے، جن میں ہر بار پانچ سال سے کم عمر کے چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین دی گئی ہے۔ دیگر ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی تصدیق کے بعد رواں ہفتے ملک کے 26  اضلاع میں ایک مخصوص پولیو مہم جاری ہے، جن میں چمن اور سکھر بھی شامل ہیں۔

پولیو کے خلاف بچوں کی قوت مدافعت کو مضبوط رکھنے کے لیے اپریل اور آنے والے ماہ میں بھی ایک پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا۔

نوٹ:

پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جس سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ اس وائرس سے بچے عمر بھر کے لیے معذور ہو سکتے ہیں، حتیٰ کہ کچھ کیسز میں بچوں کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو اس موذی مرض سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر بچایا جا سکتا ہے، اور وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔ متعدد بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں، جبکہ پاکستان اور افغانستان وہ واحد ممالک رہ گئے ہیں جہاں پولیو اب بھی بچوں کے لیے خطرہ ہے۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

مزید معلومات کیلئے رابطہ کریں:

Ms. Hania Naeem, Communications Officer, NEOC, +923431101988

 عنوان البريد الإلكتروني هذا محمي من روبوتات السبام. يجب عليك تفعيل الجافاسكربت لرؤيته.