اسلام آباد، 15 دسمبر 2023  – بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں دو ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔

قومی ادارہ صحت میں قائم پولیو لیب کے مطابق کوئٹہ میں 27 نومبر کو دو مختلف مقامات سے لیے گئے دو سیوریج کے پانی کے نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا، جس کے بعد کوئٹہ سے رواں سال مثبت آنے والے نمونوں کی تعداد سات جبکہ پورے ملک میں مثبت نمونوں کی تعداد  92ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا: ’وائرس باآسانی لوگوں کے ساتھ ایک سے دوسری جگہ منقتل ہوتے ہیں اور ہمیں بھی ایسے ہی وقت میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس زیادہ مل رہے ہیں جب ملک میں لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں۔ اس لیے یہ اور بھی زیادہ اہم ہوگیا ہے کہ اس وائرس کے خلاف بچوں کی قوت مدافعت مضبوط ہو تاکہ وہ کسی قسم کے انفیکشن سے لڑ سکیں۔‘

وزیر صحت نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو ہر بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں اور ساتھ ساتھ ان کے حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی مکمل رکھیں تاکہ وہ بیماری سے بچ سکیں۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ پولیو پروگرام رواں سال کئی پولیو مہمات کا انعقاد کر چکا ہے جبکہ نقل مکانی کرنے والی آبادیوں کے لیے بھی جامع حکمت علمی تیار ہے جس کے تحت وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے انہیں پولیو ویکسین دی جا رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وائرس کا ماحولیاتی نمونوں میں فوری طور پر ملنا یہ ظاہر کرتا ہے پولیو پروگرام کا پولیو سرویلنس کا نظام موثر انداز میں کام کر رہا ہے۔

رواں سال پاکستان میں چھ پولیو کیس اور 92  مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہوئے ہیں۔

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جس سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ اس وائرس سے بچے عمر بھر کے لیے معذور ہو سکتے ہیں، حتیٰ کہ کچھ کیسز میں بچوں کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو اس موذی مرض سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر بچایا جا سکتا ہے، اور وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔ متعدد بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں، جبکہ پاکستان اور افغانستان وہ واحد ممالک رہ گئے ہیں جہاں پولیو اب بھی بچوں کے لیے خطرہ ہے۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:

آمنہ سرور، کمیونیکیشنز آفیسر، این ای او سی، +923125190383