عالمی پولیو ڈے کے موقع پر وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا پولیو ہیروز کو خراج تحسین، پاکستان سے پولیو کے خاتمے کا عہد۔

اسلام آباد، 24 اکتوبر 2023  – وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ فرنٹ لائن ورکرز پاکستان کے ہیرو ہیں جو مشکل حالات میں کام کرتے ہیں اور اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالتے ہیں مگر اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹتے۔

عالمی پولیو ڈے کے موقعے پر پی ایم سیکریٹریٹ میں منعقدہ ایک تقریب میں وزیر اعظم نے ان لاکھوں فرنٹ لائن ورکرز کا شکریہ ادا کیا جو گھر گھر جا کر ملک بھر میں کروڑوں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاتے ہیں اور انہیں اس موذی مرض سے محفوظ  رکھتے ہیں۔

اس تقریب کا انعقاد پاکستان پولیو پروگرام نے کیا تھا جس کا مقصد ہر سال 24 اکتوبر کو منائے جانے والے عالمی پولیو ڈے کے موقعے پر فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات کو سراہنا تھا۔

 وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان، سیکریٹری صحت افتخار علی شلوانی، پولیو پارٹنرز روٹری، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، فرنٹ لائن ورکرز اور ان کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔

وزیر اعظم نے پولیو مہم کے دوران شہید ہونے والے تین پولیو کانسٹیبلز کے اہل خانہ اور زخمی ہونے والے دو پولیو ورکرز میں چیک تقسیم کیے اور ای او سی سندھ کے سابق کوآرڈینیٹر فیاض عباسی اور فرنٹ لائن ورکر ہما اشرف کے اہل خانہ کو شیلڈ پیش کی جو ستمبر میں پولیو مہم کے دوران ٹرین حادثے میں شدید زخمی ہوئی تھیں۔

اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا: ’آج کا دن ایک اچھا موقع ہے کہ ہم اپنی کامیابیوں کو سراہیں مگر یہ بھی یاد رکھیں کہ پولیو کے خاتمے کی کوششیں کتنی اہم ہیں۔ آنے والے سال میں ہمیں یہ سوچ کر قدم رکھنا ہوگا کہ اس بیماری کے خاتمے کی اہم ذمہ داری ہمارے کاندھوں پر ہے۔ ہمیں وائرس کو پھیلنے کا کوئی موقع نہیں دینا ہوگا اور ہر بچے تک ویکسین پہنچانی ہوگی، اس سے پہلے کہ وائرس ان تک پہنچے اور ہمیشہ کے لیے انہیں معذور بنادے۔‘

وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا: ’پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کا عزم کبھی کم نہیں ہوگا۔ ہم اپنے صحت کے نظام کو بہتر بناتے رہیں گے اور بچوں تک ویکسین پہنچاتے رہیں گے تاکہ وہ اس وائرس سے محفوظ رہیں۔‘

وفاقی سیکریٹری صحت افتخار شلوانی نے پولیو کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کو اجاگر کیا اور کہا کہ اس سب کے باوجود اب بھی بہت کام باقی ہے۔ ’ہم پولیو کا خاتمہ کر کے ہی ان کامیابیوں کو منائیں گے۔‘

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ کرنے والے باقی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی آخری مرحلہ مشکلات سے بھرا ہے، مگر ہم نے کبھی ہار نہیں مانی اور نہ مانیں گے، ہر دن اس بیماری کا خاتمہ کرنے کا ہمارا عزم اور بھی پختہ ہوتا ہے۔

انسداد پولیو میں عالمی پارٹنر اداروں کے سربراہ ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر پلیتھا مہیپالا، یونیسیف کے عبداللہ فادل اور روٹری کے ڈسٹرکٹ گورنر مصرور شیخ نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور پولیو کے خاتمے تک پاکستان کا ساتھ دینے کا عزم کیا۔