اسلام آباد، 22 اکتوبر 2023 وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے پولیو کے خاتمے اور آنے والی نسلوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کا عہد کیا ہے۔

وزیر صحت نے عالمی پولیو ڈے کے سلسلے میں اسلام آباد میں اتوار کو منعقدہ ایک واک کی قیادت کی جس میں وزارت صحت، سول سوسائٹی، پولیو پروگرام، روٹری، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، بی ایم جی ایف سمیت پولیو پارٹنرز کے نمائندگان، طلبہ اور پولیو ورکرز نے حصہ لیا۔

تقریب کے آغاز میں ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر بصیر اچکزئی نے کہا کہ ’پولیو ویکسینیشن نہ صرف صحت عامہ میں اہم ہے بلکہ بچوں کے صحت مند مستقبل کے لیے بھی اہم ہے۔ ہم پاکستان میں ہر بچے تک پولیو ویکسین پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔‘

پولیو سے متاثرہ سینیٹر قرۃالعین مری نے بھی اس موقعے پر خطاب کیا۔

انہوں نے پولیو سے ہونے والی مشکلات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پولیو متاثرین عمر بھر کے لیے اس بیماری سے ہونے والی معذوری کے ساتھ جیتے ہیں۔

انہوں نے کہا: ’یہ ایک تکلیف دہ بیماری ہے اور ایک چھوٹا بچہ اپنی تکلیف بیان نہیں کر سکتا۔ والدین کے لیے یہ اہم کہ وہ بچوں کو ویکسین ضرور پلوائیں تاکہ وہ اس سے بچ سکیں۔‘

وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ ’آج یہاں اس واک میں جمع ہونا یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان پولیو کے خاتمے کے لیے کتنا سنجیدہ ہے۔ یہ واک میں اپنے فرنٹ لائن ورکرز کے نام کرنا چاہتا ہوں جو مشکل ترین حالات میں بھی گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلاتے ہیں۔ یہ ایک اہم پیغام ہے کہ ساتھ مل کر ہم پولیو کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔‘

وزیر صحت نے حفاظتی ٹیکہ جات اور صحت کے معیار میں بہتری لانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ حکومت ہر بچے کے لیے صحت مند مستقبل کی راہ ہموار کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے پارٹنر ادارے روٹری اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندگان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر پلیتھا مہیپالا نے کہا: ’میں آج پولیو ورکرز کے درمیان موجودگی پر بہت خوش ہوں جو ہر بچے تک پولیو ویکسین پہنچانے کے لیے انتھک محنت کرتے ہیں۔‘

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے واک میں شامل شرکا کا شکریہ ادا کیا اور پولیو کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔

پولیو کا عالمی دن24  اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔ یہ واک رواں ہتفے اس دن کے حوالے سے مختلف تقاریب کا حصہ تھی۔