وفاقی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دنیا کا حساس ترین پولیو سرویلنس نظام ہے جو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کرنے میں نہایت اہم رہا ہے۔

اسلام آباد، 4 اکتوبر 2023  خیبر پختونخوا کے شہر پشاور کے ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

قومی ادارہ صحت میں قائم پاکستان پولیو لیبارٹری کے مطابق پشاور میں شاہین مسلم ٹاؤن سے 20 ستمبر کو لیے گئے سیوریج کے نمونے میں پولیو وائرس پایا گیا، جو جینیاتی طور پر افغانستان میں وائرس سے مماثلت رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پاکستان میں دنیا کا حساس ترین پولیو سرویلنس نظام قائم ہے جو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کرنے میں نہایت اہم رہا ہے۔

انہوں نے کہا: ’ہم اس وائرس کے خاتمے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں تاکہ پاکستان کو بھی پولیو سے پاک ممالک کی صفوں میں شامل کر سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم افغانستان کے ساتھ بھی مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ سرحد پر پولیو ویکسنیشن کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔‘

ڈاکٹر جان نے والدین پر زور دیا کہ وہ ہر پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں تاکہ وہ عمر بھر کی معذوری پیدا کرنے والے اس وائرس سے محفوظ رہیں۔

یہ پشاور سے رواں سال کا 13واں مثبت ماحولیاتی نمونہ اور ملک سے 34واں مثبت نمونہ ہے۔ اس سے قبل بنوں میں 21 ستمبر کو لیے گئے ماحولیاتی نمونے میں وائرس پایا گیا تھا۔

ملک بھر میں قومی انسداد پولیو مہم دو اکتوبر سے جاری ہے جس میں 4.4 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔

پاکستان میں رواں سال تین پولیو کیس اور 34  مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہوئے ہیں۔ 

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جس سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ اس وائرس سے بچے عمر بھر کے لیے معذور ہو سکتے ہیں، حتیٰ کہ کچھ کیسز میں بچوں کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو اس موذی مرض سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر بچایا جا سکتا ہے، اور وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔ متعدد بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں، جبکہ پاکستان اور افغانستان وہ واحد ممالک رہ گئے ہیں جہاں پولیو اب بھی بچوں کے لیے خطرہ ہے۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:

آمنہ سرور، کمیونیکیشنز آفیسر، این ای او سی، +923125190383