پولیو لاعلاج ہے، والدین ویکسین کی اہمیت کو سمجھیں اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں: وزیر صحت

اسلام آباد، یکم اکتوبر 2023 وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے رواں سال کی دوسری قومی پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلوائیں۔

وزارت صحت میں افتتاحی تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر ندیم جان نے کہا: ’ہر بچے کو پولیو سے ہونے والی معذوری کے خطرے سے آزاد زندگی جینے کا حق ہے اور ہم بچوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔‘

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن ورکرز کی محنت، حکومت کے عزم، عوام کے اعتماد اور پارٹنرز کے تعاون کی مدد سے پاکستان آج پولیو کے خاتمے کے بہت قریب ہے، اور ان کوششوں کو جاری رکھنا نہایت اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا: ’پولیو کا کوئی علاج نہیں ہے، صرف پولیو ویکسین ہی بچوں کو عمر بھر کا تحفظ دیتی ہے، اس لیے میری والدین سے اپیل ہے کہ ویکسین کی اہمیت کو سمجھیں اور یہ یقینی بنائیں کہ ان کے بچے اس مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پییں۔‘

قومی انسداد پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے 4.3  کروڑ بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔ مرحلہ وار مہم میں 25  ستمبر سے یکم اکتوبر تک چمن اور قلعہ عبداللہ میں بچوں کو پولیو کے قطروں کے ساتھ انجیکٹیبل ویکسین بھی دی جائے گی، جبکہ دو اکتوبر سے ملک کے باقی اضلاع میں مہم کا آغاز ہوگا۔

وفاقی سیکریٹری صحت افتخار شلوانی نے کہا: ’پولیو نے ہمارے بچوں کو بہت نقصان پہنچایا ہے اور اس کا خاتمہ ایک قومی ہدف ہے۔ پاکستان نے پولیو کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ہم ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘

پاکستان میں رواں سال دو پولیو کیس اور 32  مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہوئے ہیں۔

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جس سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ اس وائرس سے بچے عمر بھر کے لیے معذور ہو سکتے ہیں، حتیٰ کہ کچھ کیسز میں بچوں کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو اس موذی مرض سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر بچایا جا سکتا ہے، اور وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔ متعدد بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں، جبکہ پاکستان اور افغانستان وہ واحد ممالک رہ گئے ہیں جہاں پولیو اب بھی بچوں کے لیے خطرہ ہے۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:

ذوالفقار علی باباخیل

سینئر میڈیا منیجر، پاکستان پولیو پروگرام 03459165937