ڈاکٹر ندیم جان کا پاکستان کو پولیو سے پاک ممالک کی صف میں لانے کے لیے تمام اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار
18اگست 2023ء

اسلام آباد(پریس ریلیز) نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے عہدہ سنبھالنے کے پہلے روز قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (NEOC) کا دورہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو کا خاتمہ ان کے دور حکومت میں ان کی بنیادی ترجیحات میں نمایاں طور پر شامل ہوگا۔
قومی ایمرجنسی آپریشنزسنٹر کے دورے کے دوران ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ ’’یہ دورہ میرے لیے انتہائی رکھتا ہے۔ میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ پاکستان کو پولیو سے پاک ممالک کی صف میں لانے کے لیے ہر ممکنہ اقدام اٹھایا جائے۔ میرے ساتھ پروگرام کے ایک کارکن کی طرح برتاؤ کریں اور میں پولیو کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاؤں گا‘‘۔
وفاقی سیکرٹری صحت افتخار شلوانی نے کہا کہ ’’وزارت صحت پولیو پروگرام میں مسلسل سرگرم عمل رہی ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ پولیو پر توجہ غیر متزلزل رہے۔ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ایک تجربہ کار صحت عامہ کے ماہر کو وزارت صحت کی سربراہی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے‘‘۔

1

ڈاکٹر ندیم جان نےقومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر میں پوری ٹیم سے ملاقات کی، پولیو کنٹرول روم کا دورہ کیا اور پولیو پروگرام کے لیے موجودہ ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔
کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہاکہ ’’ قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر میں وزیر صحت کی ان کے پہلے دن کی موجودگی ہمارے پروگرام کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔ آپ کی براہ راست شمولیت اور نگرانی آپ کے عزم کو واضح کرتی ہے۔ ہم آپ کے دورے کے لیے بہت مشکور ہیں‘‘۔

ڈاکٹر جان تمغہ امتیاز اور ستارہ امتیاز کے وصول کنندہ ہیں اور انہوں نے گزشتہ دو دہائیوں سے اقوام متحدہ، یو ایس ایڈ، ورلڈ بینک، یورپی یونین، ڈی ایف آئی ڈی اور بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ کام کیا ہے۔ انہوں نے صومالیہ، جنوبی سوڈان، ایتھوپیا، فلپائن، کینیا، افغانستان اور سابقہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں کے اضلاع جیسے چیلنجنگ ماحول میں پیچیدہ ہنگامی حالات میں ذمہ داری سر انجام دی ہے۔

2 car
ڈاکٹر ندیم جان نے لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کی ترقی اور نفاذ میں بھی کلیدی کردار ادا کیا اور ماضی میں پاکستان پولیو پروگرام کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔
پاکستان میں رواں سال پولیو کے دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ دونوں بچوں کا تعلق بنوں سے ہے جو کہ جنوبی خیبر پختونخوا کے 7 اضلاع میں سے ایک ہے۔