اسلام آباد، 17 اگست 2023    خیبر پختونخوا کے شہر پشاور سے لیے گئے ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد ملک میں رواں سال مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔

قومی ادارہ صحت میں قائم پاکستان پولیو لیبارٹری کے مطابق پشاور میں یکم اگست کو نرے خوڑ کے مقام سے لیے گئے ایک ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس پایا گیا ہے جو جینیاتی طور پر افغانستان میں موجود پولیو وائرس سے تعلق رکھتا ہے۔

وفاقی سیکریٹری برائے صحت افتخار علی شلوانی کا کہنا ہے کہ پاکستان پولیو پروگرام ملک میں کہیں بھی پولیو وائرس کی موجودگی سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا: ’یہ تشویش کی بات ہے کہ پشاور کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس بار بار پایا جا رہا ہے۔ ملک میں متعدد پولیو مہمات کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور میں والدین پر زور دیتا ہوں کہ وہ اس وائرس سے بچوں کو دوچار خطرے کو سمجھیں اور ہر مہم میں انہیں پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔‘

وفاقی سیکریٹری برائے صحت نے مزید کہا کہ پاکستان پولیو پروگرام نے دنیا کا حساس ترین پولیو سرویلنس نظام قائم کیا ہوا ہے اور ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق یہ ثابت کرتی ہے کہ یہ نظام موثر انداز میں کام کر رہا ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ ملک میں متعدد پولیو مہمات کے ساتھ پاک افغان سرحد پر بھی پولیو ویکسنیشن باقاعدگی سے جاری ہے تاکہ وائرس لوگوں کے ساتھ سفر نہ کر سکے۔

یہ پشاور سے رپورٹ ہونے والا رواں سال کا ساتواں مثبت ماحولیاتی نمونہ اور نرے خوڑ سے مثبت ہونے والا مسلسل پانچواں نمونہ ہے۔

رواں ماہ منعقد کی گئی پولیو مہم میں پشاور میں  7سے 13  اگست تک پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے اور انجیکٹبل ویکسین بھی دی گئی۔

پاکستان میں رواں سال دو پولیو کیس اور 15  مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ افغانستان میں پانچ کیس اور 33  مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہوئے ہیں۔

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔ اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:

ذوالفقار علی باباخیل

سینئر میڈیا منیجر پاکستان پولیو پروگرام 03459165937