اسلام آباد، 15 مئی 2023 – ذیلی پولیو مہم آج سے تمام صوبوں کے مخصوص اضلاع میں شروع ہورہی ہے، مہم کےدوران ملک کے مخصوص اضلاع میں 23 ملین سے زیادہ بچوں کو حفاظتی قطرے پلوائیں جائیں گے۔ 

مہم دو مرحلوں میں چلائی جائے گی۔ پہلا مرحلہ 15 سے 19 مئی تک اسلام آباد سمیت پنجاب کے 12 اضلاع، بلوچستان کے 18 اضلاع اور سندھ کے 17 اضلاع میں منعقد کی جائے گی۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں مہم خیبرپختونخوا کے 22اضلاع میں 22 مئی سے 26 مئی تک ہوگی اور 29 مئی سے 5 جون تک جنوبی خیبرپختونخوا کے 07 اضلاع میں مہم ہوگی۔ تقریباً 100,000 سے زیادہ تربیت یافتہ صحت محافظ پولیو ورکرز گھر گھر جاکر پانچ سال تک کے بچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں گے۔ 

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ "میں تمام والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مہم کے دوران ویکسین کے لئے اہل بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔ پولیو لاعلاج ہے، اور ویکسین ہی ہمارے بچوں کی حفاظت کر سکتی ہے،" وزیر صحت نے کہا، "فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز ہمارے بچوں کو پولیو وائرس کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ کئی چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود وہ انتھک محنت کر رہے ہیں۔" وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے مذید کہا کہ " ہم ان کی انتھک کوششوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں اور ایسے اقدامات کو انجام دینے پر غور کر رہے ہیں جو ان کی مشکلات کو کم کریں گے اور انہیں پولیو کے خاتمے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے مزید حوصلہ افزائی کریں گے۔"

کوارڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے مہم کے حوالے سے کہا کہ"آئیے مل کر جدوجھد کریں اور اپنے بچوں کو ویکسین سے بچاؤ کی بیماری سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ خاص طور پر تمام والدین سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کو ویکسینیشن کی تمام مہمات کے دوران ضرور قطرے پلوائیں۔ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ پولیو وائرس اب بھی ہمارے گردونواح میں موجود ہے، اور کوئی بچہ اس وقت تک محفوظ نہیں ہے جب تک کہ تمام بچوں کو صحیح معنوں میں ویکسین دی جاتی،"۔

صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 اور 24/7 واٹس ایپ ہیلپ لائن -  0346-777-65-46  پر والدین معلومات حاصل کرسکتے ہیں اس کے علاوہ مہم کے بارے میں کسی بھی قسم کی شکایت بھی درج کراسکتے ہیں۔ بچوں میں قوت مدافعت پیدا کرنے اور عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے بار بار پولیو مہمات ناگزیر ہیں۔

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔ اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

 مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:

ذوالفقار علی باباخیل

سینئر میڈیا منیجر پاکستان پولیو پروگرام

03459165937