والدین اپنے بچوں کو ہر پولیو مہم میں حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں۔ وزیر صحت عبدالقادر پٹیل

اسلام آباد،12 مارچ، 2023 – سندھ اور پنجاب میں 13 مارچ سے پانچ سال سے کم عمر کے 21.54 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم شروع ہورہی ہے۔

ساتویں قومی مردم شماری کی سرگرمیوں کی وجہ سے پانچ روزہ پولیو مہم دو مرحلوں میں منعقد کی جا رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں 13 سے 17 مارچ کے دوران پنجاب کے 13 اضلاع ، سندھ کے 16 اضلاع اور اسلام آباد میں 5 سال سے کم عمر کے 17.41 ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ دوسرا مرحلہ 03 سے 07 اپریل تک ہوگا۔ رمضان کے دوسرے ہفتہ میں بلوچستان کے 12 اضلاع اور خیبر پختونخواہ کے 26 اضلاع بشمول صوبے کے جنوبی علاقے کے سات اضلاع میں 4.12 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے والدین پر زور دیا ہےکہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچوں کو زندگی بچانے والی پولیو ویکسین دیں تاکہ وہ پولیو وائرس سے محفوظ رہیں، جو ماحولیاتی نمونوں میں پایا گیا ہے۔

وزیر عبدالقادر پٹیل نے کہا، "ماحول میں پولیو وائرس کی موجودگی سے پتہ چلتا ہے کہ یہ وائرس ہماری کمیونٹیز میں گردش کر رہا ہے اور ہمارے بچوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔" وزیر صحت نے کہا کہ "رمضان اور عید قریب آنے کے ساتھ، آبادی کی نقل و حرکت سے وائرس مزید پھیلنے کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ والدین اپنے بچوں کو نہ صرف اس مہم میں بلکہ ہر مہم میں ضرور قطرے پلوائیں۔"

کوارڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ"ہم نے مارچ کی اس مہم کو خاص طور پر ان علاقوں تک پہنچنے کے لیے منعقد کیاہے جہاں آبادی کی نقل و حرکت نہ صرف اکثر ہوتی ہے بلکہ رمضان اور عید کے تہوار کے دوران بھی زیادہ آمدورفت متوقع ہوتی ہے،" انہوں نے مزید کہا کہ "یہ ضروری ہے کہ ہم پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے زیادہ سے زیادہ بچوں تک ویکسین کی رسائی ممکن بنائیں۔"

پاکستان میں ستمبر 2022 کے بعد سے کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا، گزشتہ برس پولیو کی وبا سے 20 بچوں کو معذور کر دیا تھا– تمام کیسز خیبرپختونخوا کےجنوبی اضلاع سے تھے۔

رواں برس جنوری میں لاہور کے دو الگ الگ مقامات سے ماحولیاتی نمونوں میں پہلی بار پولیو وائرس کا پتہ چلا تھا۔ اس کے بعد سے مزید دو نمونوں میں پولیو کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے - ڈی آئی خان گھوٹکی کے ماحولیاتی نمونہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ 

پولیو پروگرام نے بعض جگہوں پر پائے جانے والے مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تصدیق کے بعد بچوں کو اس انتہائی متعدی بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے ان کی ویکسینیشن کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر کوششیں کی ہیں۔

صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 اور 24/7 واٹس ایپ ہیلپ لائن 7774665 0346 -   والدین کی رہنمائی کریں گے ، والدین ویکسین سے متعلقہ کسی بھی قسم کی معلومات کے لئے رابطہ کرسکتے ہیں

 

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔ اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

 مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:

ذوالفقار علی باباخیل

سینئر میڈیا منیجر پاکستان پولیو پروگرام

03459165937