وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وباء کو روکنے کے لیے محسود بیلٹ میں مہم انتہائی اہم ہے

13دسمبر2022ء

اسلام آباد (پریس ریلیز) وزیر اعظم شہباز شریف اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے منگل کو ایک ٹیلی فون کال کے دوران 2023 میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کے لیے اہم ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے جنوبی وزیرستان کی محسود بیلٹ میں پولیو مہم میں رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وفاقی وزیر صحت اور سیکرٹری ہیلتھ کو ہدایت کریں گے کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ علاقے میں پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں تک پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کی سہولت کو یقینی بنائیں۔

پاکستان میں اس سال پولیو سے 20 بچے معذور ہو چکے ہیں، تمام کیسز جنوبی خیبر پختونخواہ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا " ستمبر کے بعد سے پولیو کے کیسز رپورٹ نہ ہونا بہتری کی نشانی ہے اور امید ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ میں کمی ہوگی،" وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ڈی آئی خان کے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس اس بات کی نشاندہی ہے کہ وائرس کا خطرہ موجود ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پولیو پروگرام کی ایک بڑی کامیابی ہے کہ اس سال ملک کے 13 اضلاع میں مثبت ماحولیاتی نمونوں کے باوجود، مضبوط ہنگامی ردعمل نے وائرس کو جنوبی خیبرپختونخوا کے چھ اضلاع سے باہر پھیلاؤ کو روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ 'یہ کسی بھی وباء کا فوری جواب دینے کے لیے پروگرام کی بہتر حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ -

بل گیٹس نے پاکستان کے ساتھ اپنے عزم اور حمایت کا اعادہ کیا اور پاکستان میں موسمیاتی تباہی کے تناظر میں مشکل حالات کے باوجود وزیر اعظم کی براہ راست نگرانی اور پولیو کو ترجیح دینے کی تعریف کی ہے۔

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔ اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

 مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:

ذوالفقار علی باباخیل

سینئر میڈیا منیجر پاکستان پولیو پروگرام

03459165937