اسلام آباد (19 جنوری 2021) سال کی پہلی انسداد پولیو مہم کامیابی سے مکمل ہوگئی ہے جس میں 4 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے اور ساتھ میں 6 سے 59 ماہ کے 3 کروڑ سے زائد بچوں کو وٹامن اے کی خوراک بھی دی گئی۔ مہم میں 2 لاکھ 87 ہزار پولیو ورکرز نے کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے گھر گھر جا کر مہم میں حصہ لیا۔

جاری ہونے والے بیان میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ،کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے کہا ہے کہ ’’پولیو کے خلاف جنگ کا دوبارہ آغاز پچھلے سال کامیاب مہمات کے انعقاد سے ہوا تھا۔ ان مہمات میں پولیو ورکرز کی کارکردگی قابل ستائش رہی، جنہوں نے والدین کے تعاون سے سخت محنت اور لگن سے بہترین نتائج حاصل کیے۔ ان مہمات میں ہمارے سیکیورٹی اداروں نے بھی پرامن مہمات کو ممکن بنایا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور تمام مکتبہ فکر اپنا تعاون جاری رکھیں گے اور اس سال بھی والدین اپنے بچوں کو تمام مہمات میں ضرور قطرے پلائیں گے‘‘۔

جاری ہونے والے بیان کے مطابق 2019ء کے مقابلے میں 2020ء میں بہتر مہمات کے انعقاد سے بڑی حد تک وائرس پر قابو پایا گیا جس کی وجہ سے سال 2020ء کے اختتام تک 84 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

بچوں کی قوت مدافعت میں بہتری کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات پر بھی خصوصی توجہ دی گئی اور وائرس پر قابو پانے کیلئے افغانستان کے ساتھ ایک ہی وقت میں مہمات چلانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

پولیو ورکرز کی بہتر کارکردگی، والدین کے تعاون اور بہترین منصوبہ بندی سے رواں برس بڑی حد تک پولیو وائرس پر قابو پالیا جائے گا جس سے پولیو سے پاک پاکستان کے ہدف کے قریب پہنچ جائیں گے۔ جاری بیان کے مطابق اگلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز مارچ کے مہینے میں ہوگا۔

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔ اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

 مذید معلومات کے لیے رابطہ کریں

ذوالفقار علی باباخیل- سینئر میڈیا منیجر پاکستان پولیو پروگرام