اسلام آباد ( 18 مئی 2022)وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال کی دوسری قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ حکومت ملک سے اس موذی بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ مذکورہ مہم ملک بھر میں 23 سے 27 مئی تک جاری رہے گی۔

 مہم میں پانچ سال سے کم عمر 43.3 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم میں تقریباً 3 لاکھ 40 ہزار فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو ویکسین پلوائیں گے۔ مہم کے دوران 6 ماہ سے 59 ماہ تک کے بچوں کو وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی۔

وزیراعظم نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ملک بھر خصوصاً پولیو کے لیے حساس قرار دیئے جانے والے اضلاع میں 100 فیصد اہداف حاصل کیے جائیں گے۔

وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے وفاقی، صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو اس بات کی تاکید کی کہ بچوں کے ہاتھ کی انگلیوں پر نشان پولیو ویکسین پلوانے کے بعد ہی لگانے کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔

وزیراعظم نے حالیہ دنوں میں شمالی وزیرستان سے تین پولیو کیسز سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں تمام والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کو ہر مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔ یہ بات یقینی ہے کہ پولیو وائرس ہمارے اردگرد موجود ہے اور تب تک ہمارے بچے محفوظ نہیں ہوں گے جب تک تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پلوائے جاتے‘‘۔

جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیو پروگرام مختلف مکتبہ فکر بشمول مشہور شخصیات، ماہرِ اطفال، میڈیکل ایسوسی ایشنز، میڈیا، سماجی کارکن، مذہبی رہنما اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مشترکہ جدوجہد کررہا ہے۔ یہ سب بچوں کی ویکسینیشن کو ممکن بنانے میں تعاون کررہے ہیں تاکہ پولیو سے پاک پاکستان کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔

مہم کے دوران صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 اور پولیو واٹس ایپ ہیلپ لائن 03467776546 پر والدین کی بھرپور رہنمائی کی جائے گی۔ والدین پولیو سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔ اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

 مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:

ذوالفقار علی باباخیل

سینئر میڈیا منیجر پاکستان پولیو پروگرام

03459165937