پریس ریلیز

اسلام آباد (31مئی 2022) وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل، سیکرٹری صحت عامر اشرف خواجہ اور اسپیشل سیکرٹری افتخار شلوانی  نے قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کا دورہ کیا اور پولیو کے خاتمے کے لئے کام کرنے والی ٹیم سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ’’پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی تجربہ کار ٹیم سے مل کر خوشی ہوئی۔ آج کے دورہ سے پولیو کے لئے درپیش چیلنجز کا علم ہوا، پولیو کے خاتمے کے لئے اجتماعی کوششیں لازمی ہیں‘‘۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’’دنیا کے بیشتر ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے اور بہت جلد پاکستان سے بھی پولیو کا خاتمہ ہو جائے گا‘‘۔

رواں ماہ کے آغاز میں وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے بنوں کا دورہ کیا تھا اور اس دوران پولیو سے متاثرہ بچوں کے خاندانوں سے ملاقات بھی کی تھی۔ 

اس موقع پر سیکرٹری صحت عامر اشرف خواجہ نے کہا کہ ’’پولیو کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے اور یہی وقت ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں‘‘۔

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری افتخار شلوانی نے کہا کہ " ہمیں اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے پولیو وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے ضرور دینا چاہیے"۔ 

وفاقی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت نے پولیو کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

وفاقی وزیر صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے حکومت پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمہ کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز اور سینئر وفاقی لیڈرشپ کی قیادت سے بہت جلد پاکستان پولیو فری ہو جائے گا۔

رواں برس پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا، شمالی وزیرستان سے پولیو کے چھ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔ اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

 مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:

ذوالفقار علی باباخیل

سینئر میڈیا منیجر پاکستان پولیو پروگرام

03459165937