پریس ریلیز

اسلام آباد (یکم جون 2022ء) پولیو وائرس نے 7 ماہ کی بچی کو عمر بھر کے لئے معذور کردیا ہے۔ رواں برس پاکستان سے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 7 ہوگئی ہے جبکہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی سے کیسز کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ بچی کی معذوری 2 مئی  کو رپورٹ ہوئی تھی۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ’’شمالی وزیرستان میں 2014ء اور 2019ء کی طرز پر دوبارہ پولیو کی وبا پھوٹ گئی ہے اُس دوران بھی پولیو کیسز رپورٹ ہورہے تھے۔ ہم اس وبا کے خاتمے کے لیے انتھک کوششیں کررہے ہیں‘‘۔

خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع بشمول شمالی و جنوبی وزیرستان، ڈی آئی خان، بنوں، ٹانک اور لکی مروت پولیو وائرس کے لیے حساس ہیں۔ بنوں سے رواں سال اپریل اور مئی کے دو ماحولیاتی نمونوں سے وائرس کی تصدیق ہوئی جو اس بات کی تائید ہے کہ پولیو وائرس کا پھیلاؤ شمالی وزیرستان تک محدود نہیں ہے۔

جاری ہونے والے بیان میں وفاقی وزیر صحت نے مذید کہا ہے کہ ’’اگرچہ کیسز ملک کے ایک ہی علاقے سے رپورٹ ہورہے ہیں تاہم تمام والدین اپنے بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے لیے قطرے ضرور پلوائیں‘‘۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی کے بائیں بازو اور دونوں ٹانگیں مفلوج ہوگئی ہیں۔

کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا ہے کہ ’’وائرس کی روک تھام کے لیے خیبرپختونخوا کے جنوبی علاقوں میں آمدورفت کے دوران 10 سال تک کے تمام بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جارہی ہے‘‘۔

رواں برس رپورٹ ہونے والے تمام کیسز شمالی وزیرستان سے ہیں۔ کیسز کی وجوہات انکاری والدین اور قطرے پیئے بغیر بچوں کی انگلیوں پر جعلی نشانات لگانا ہیں۔ نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد دنیا کے پولیو سے متاثرہ ممالک میں کیسز کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔ جن میں 7 کیسز پاکستان اور ایک کیس افغانستان سے جنوری میں رپورٹ ہوا تھا۔

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔ اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

 مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:

ذوالفقار علی باباخیل

سینئر میڈیا منیجر پاکستان پولیو پروگرام

03459165937