اسلام آباد (12 ستمبر 2022) شمالی وزیرستان سے تین ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس سے رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔ 

پاکستان پولیو لیبارٹری، قومی ادرہ صحت کے مطابق بچے کی معذوری 25 آگست کو رپورٹ ہوئی تھی۔ رواں برس لکی مروت سے رپورٹ ہونے والے دو کیسز کے علاوہ باقی تمام کیسز شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

گذشتہ ہفتہ کراچی کے ماحولیاتی نمونہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اس کے علاوہ بنوں، پشاور ، سوات اور لاہور کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، کراچی تاریخی لحاظ سے پولیو وائرس کا گڑھ رہ چکا ہے اور پولیو وائرس کے پھیلاؤ کے لئے حساس قرار دئے جانے والے اضلاع میں شامل ہے۔ 

کراچی اور دوسرے علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی نقل مکانی کی وجہ سے سخت چیلنجز کا سامنا ہے، سیلاب سے لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں اور سیلاب ذدگان نے پناہ کے پیش نظر شہری علاقو ں کا رخ کیا ہے، موجودہ موسم میں پولیو وائرس کے پھیلنے کا خطرہ ذیادہ ہوتا ہے اور سیلاب  آنے کے بعد لوگوں کی نقل مکانی سے وائرس کے پھیلاؤ کے خدشہ میں مذید اضافہ ہو گیا ہے ۔ 

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ " سخت موسمی حالات کے پیش نظر پاکستان پولیو پروگرام جہاں ممکن ہوسکے ، بچوں کو ویکسین کی فراہمی کو ممکن بنا رہا ہے اور حالات کی بہتری کے بعد سیلاب ذدہ علاقوں میں ممکنہ طور پر مہم کی تیاری کررہا ہے۔ " انہوں نے مزید کہا کہ " موجودہ حالات میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے" 

قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ "سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے پیش نظر 32 اضلاع میں ہیلتھ کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔ " 

ہیلتھ کیمپس میں بنیادی علاج معالجہ کی سہولیات بشمول آلودہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کا علاج کیا جارہا ہے، ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ " ہیلتھ کیمپس میں بچوں اور حاملہ خواتین کی معمول کی ویکسینیشن کو بھی ممکن بنایا جائے گا"

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔ اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

 مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:

ذوالفقار علی باباخیل- 03459165937-

سینئر میڈیا منیجر پاکستان پولیو پروگرام

03459165937