اسلام آباد ( 26 جون 2022) سال کی دوسری ذیلی انسداد پولیو مہم میں 12.6 ملین بچوں کو حفاظتی قطرے پلوانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ مہم 27 جون سے شروع ہو رہی ہے جس میں پولیو کے لئے حساس قرار دیئے جانے والے 25 اضلاع میں مکمل طور پر جبکہ باقی اضلاع میں مخصوص یونین کونسلز میں مہم ہوگی۔ 

مہم میں ایک لاکھ سے زیادہ تربیت یافتہ فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جاکر پیدائش سے پانچ سال تک کے بچوں کو حفاظتی قطرے پلوائیں گے۔ 

جاری ہونے والے بیان میں کوارڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے ہم سب کو اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی اشد ضرورت ہے ہمارا مقصد پانچ سال تک کے تمام بچوں کو حفاظتی قطروں کی رسائی ممکن کرانا ہے، پولیو کے لئے حساس قرار دیئے جانے والے اضلاع ہماری ترجیح ہیں اور ان علاقوں سے پولیو وائرس کا خاتمہ اور دوسرے علاقوں کو وائرس سے محفوظ بنانا ہے" 

انھوں نے مذید کہا کہ " بحیثیت سربراہ پولیو پروگرام تمام والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے بچوں کو مہم میں انکار کی بجائے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں، اس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وائرس ابھی بھی ہمارے ماحول میں موجود ہے اور اس وائرس سے تب ہی مکمل نجات ممکن ہے جب تمام بچوں کو ویکسین کی رسائی یقینی بنائیں" 

والدین کی رہنمائی کے لئے صحت تحفظ ہیلپ لائن اور وٹس ایپ 46 65 777 0346 پر رابطہ کرسکتے ہیں بچوں کو بار بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے ان کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے جس سے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جاسکتا ہے۔

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔ اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

 مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:

ذوالفقار علی باباخیل

سینئر میڈیا منیجر پاکستان پولیو پروگرام

03459165937