اسلام آباد(25اگست 2020 )

 حالیہ انسداد پولیو مہم میں 5 سال سے کم عمر کے 32 ملین بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے گئے۔ 13 اگست سے ملک کے 130 اضلاع میں ہونے والی انسداد پولیو مہم میں 6 ماہ سے 59 ماہ کی عمر تک کے بچوں کو وٹامن اے بھی دیا گیا۔

قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق انسداد پولیو مہم میں 3 کروڑ 21 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں۔ اس مہم میں 2 لاکھ 25 ہزار پولیو ورکرز نے حصہ لیا۔ تمام پولیو ورکرز کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کے متعلق تربیت دی گئی اور کورونا وباء سے بچاؤ کیلئے ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر بھی فراہم کیے گئے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچا جاسکے۔

کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’’کورونا وباء کے سلسلے میں درپیش چیلنجز کو دیکھتے ہوئے حالیہ انسداد پولیو مہم میں بہت بڑی کامیابی حاصل کی۔ دوسری طرف بارشوں اور گرم موسم کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ہمارے بہادر پولیو ورکرز نے کامیابی سے ہدف کے حصول کیلئے بچوں کو قطرے پلائے پولیو مہم میں مذہبی رہنماؤں، دانشوروں اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور کردار ادا کیا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ ابھی بھی ہمیں چیلنجز کا سامنا ہے، ان چیلنجز پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات پر عملدرآمد ہورہا ہے۔ ہم تمام مکتبہ فکر کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، امید ہے بحیثیت قوم متحد ہو کر ہم بہت جلد پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنا دیں گے تاکہ کسی بھی بچے کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جاسکے‘‘۔

جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جولائی میں چھوٹے پیمانے پر پولیو مہم کے بعد اگست میں بڑے پیمانے پر مہم بہت بڑی کامیابی ہے۔ بعض علاقوں میں بارش، گرم موسم اور سمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث مہم متاثر ہو ئی اس لیے مہم کے مخصوص ایام میں رہ جانے والے بچوں کو بعد میں قطرے پلائے گئے تاکہ مطلوبہ ہدف حاصل کیا جاسکے۔

پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے ستمبر سے دسمبر تک مسلسل پولیو مہمات کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ کیا جاسکے اور وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جائے۔

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔ اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

 مذید معلومات کے لیے رابطہ کریں

ذوالفقار علی باباخیل

سینئر میڈیا منیجر پاکستان پولیو پروگرام

03459165937