اسلام آباد، ستمبر 9، 2015: آج ملک میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو کے خاتمے کے آغاز کی حمایت میں میڈی ایشنز پاکستان کے زیر اہتمام سول سوسائٹی کے سرکردہ نمائندے ایک فورم پر جمع ہوئے۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ان قائدین نے روٹین حفاظتی ٹیکوں کی خدمات کے لئے اپنی ذمہ داریاں نبھانے اور معاشرے میں ایک مثبت تصور اجاگر کرنے کے لئے اپنی آواز اٹھانے کے لئے بچوں کی صحت کا قومی کنسورشیم تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔ پولیو کے خاتمے کے لئے وزیر اعظم کی فوکل پرسن سینیٹرعائشہ رضا فاروق نے بھی پولیو کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے حکومتی کوششوں سے آگاہ کرنےکے لئے کنسورشیم اجلاس میں شرکت کی۔

حکومتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے سینیٹرعائشہ رضا فاروق نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی زیر نگرانی، پاکستان پولیو پروگرام نے بہت سی کامیابیاں سمیٹی ہیں اور ہم پولیو وائرس کو آخری لکیر تک دھکیلنے کے لئے ہم ممکن کوششوں میں مصروف ہیں۔ پاکستان کی سینیٹ میں اپنی جانب سے جمع کروائے گئے لازمی حفاظتی ٹیکوں کے بل پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حفاظتی ٹیکوں کی موجودہ حالت میں بہتری لانے کی ایک کوشش ہے۔ سینیٹرعائشہ رضا فاروق نے مزید کہا کہ ایک معاشرے کی حیثیت سے ہماری یہ مجموعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو تحفظ فراہم کریں اور ہم پر واجب ہے کہ ہم اپنی آئندہ نسل کو ایک صحت مند زندگی دیں۔

اس کھلے تبادلہ خیال کے دوران، شرکاء نے ان حقائق کا ذکر کرتے ہوئے جو کمیونٹیوں کو درپیش ہیں ملک میں حفاظتی ٹیکوں کی خدمات کے لئے آگہی اور طلب میں اضافہ کرنے کے طریقے بھی تجویز کئے۔ اس فورم کے اہم شرکاء میں انسانی حقوق کی سرگرم کارکن مسماۃ طاہرہ عبداللہ، ماہر تعلیم مسماۃ مہناز عزیز اکبر، صنفی ماہر ڈاکٹر رخشندہ پروین۔ پی ٹی وی کے عصمت اللہ نیازی، کالم نگار عمار مسعود، ڈرامہ نگار عرفان احمد عرفی، ایم پی اے مسماۃ معراج ہمایوں، پی ایم ایل (ق) کے اجمل خان وزیر، نوجوان سرگرم کارکن حنان علی عباسی، بچوں کے حقوق کے سرگرم کارکن زر علی خان آفریدی، بی بی سی اردو کے ہارون رشید، مشعل ریڈیو کے عالم زیب خان، ایف ایم 100 کے کامران خواجہ، اور اے ٹی وی کی اینکر مسماۃ شازمہ حلیم شامل تھے۔

 قبل ازیں، چیئرمین بورڈ، میڈی ایشنز جناب وجیہ اختر نے بچوں کی صحت کے قومی کنسورشیم کے سیاق و سباق اور مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کنسورشیم کا بنیادی مقصد کمیونٹیوں اور معاشرے میں ایک بڑی سطح پر روٹین حفاظتی ٹیکوں اور پولیو کے بارے میں آگہی میں اضافہ کرنا ہے تاکہ ویکسی نیٹرز کے لئے ایک ایسا ماحول پیدا کیا جا سکے جس میں وہ اپنی ذمہ داریاں اچھی طرح نبھا سکیں اور ہدف پر موجود گروہوں کے لئے حفاظتی ٹیکوں کے تصور کو زیادہ سے زیادہ قابل قبول بنا سکیں۔ میڈی ایشنز ایک غیر منافع بخش، ذرائع ابلاغ کی ترقیاتی تنظیم ہے جو ذرائع ابلاغ میں سماجی مسائل کے بارے میں آگہی میں اضافہ کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔