اسلام آباد، 11 دسمبر 2024 — حکومتِ جاپان نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے 3.1ملین ڈالر کی مزید گرانٹ کا اعلان کیا ہے جس سے 20.22 ملین سے زائد ویکسین کی خریداری کی جائے گی۔ یہ گرانٹ 2025 کی پولیو مہمات میں استعمال ہوگی، جس کا مقصد پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانا ہے۔

پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں سے ایک ہے جہاں سے ابھی تک پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں ہو سکا۔ رواں سال پاکستان میں اب تک پولیو کے 59 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ملک میں پولیو کے کیسز میں حالیہ اضافے کے پیش نظر، حکومت پاکستان اپنے شراکت داروں کے تعاون سے 2025 میں ایک وسیع اور اسٹریٹجک ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے تیار ہے، جس کا مقصد بچوں میں اس مہلک بیماری کا خاتمہ کرنا ہے۔ ہر قومی انسداد پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے 45.4 ملین سے زائد بچوں کو ہدف بنایا جاتا ہے، جس میں 400,000 سے زائد فرنٹ لائن ورکرز، جن میں اکثریت خواتین ورکرز شامل ہیں، جو ہر بچے تک ویکسین کی رسائی کو یقینی بناتے ہیں۔

"سال 2024 میں، درپیش چیلنجز نے پولیو کے خاتمے کے لیے ہماری کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔ جاپان کی مسلسل حمایت کے ساتھ، ہم اپنی کوششوں کو مزید مضبوط کر رہے ہیں، جس کا مقصد 2025 کے وسط تک جنابِ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پولیو کیسز کو صفر پر لانا ہے۔" وزیرِ اعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو محترمہ عائشہ رضا فاروق نے کہا۔

محترمہ عائشہ رضا فاروق نے مزید کہا کہ ’’ حکومت جاپان کی غیرمتزلزل حمایت سے ہم پولیو کیسز کو صفر پر لے آئیں گے۔ ہم پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے جاپان کی حکومت اور عوام کی جانب سے مسلسل  تعاون پر شکر گزار ہیں‘‘۔

پاکستان میں جاپان کے عبوری طور پر چارج ڈی افیئرز مسٹر تاکانو شوئیچی نے کہا" جاپان گزشتہ تین دہائیوں سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے معاونت فراہم کر رہا ہے، حالانکہ اس دوران سیلاب، کووڈ-19 اور دہشت گردی جیسے چیلنجز بھی درپیش رہے۔ چونکہ اس سال جاپان کے پاکستان کے ساتھ ترقیاتی تعاون (ODA) کی 70ویں سالگرہ ہے، جاپان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ پاکستان میں معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات، بشمول پولیو ویکسینیشن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔"

حکومتِ جاپان پولیو کے خاتمے کیلئے 1996 سے پاکستان کے ساتھ تعاون کررہا ہے۔ اس دوران حکومتِ جاپان یونیسیف کے ذریعے پاکستان کو 242.194 ملین ڈالر پولیو کے خاتمے کیلئے امداد و قرض دے چکا ہے۔

جائیکا کے پاکستان میں سینئر نمائندے، مسٹر میاتا ناؤکی نے کہا کہ ’’ہم تمام بچوں تک ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے پر حکومت کے عزم کو سراہتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ویکسین، جو بچوں کی قوت مدافعت کو مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہے، اسے والدین و عوام کے تعاون اور فرنٹ لائن ورکرز کی کوششوں کے ساتھ موثر طریقے سے استعمال کیا جائے گا۔ ہمیں پوری امید ہے کہ رواں سال تمام پولیو مہمات کامیابی کے ساتھ پولیو کیسز کو زیرو پر لے آئے گی‘‘۔

یونیسف کے نمائندہ برائے پاکستان، عبداللہ فادل نے کہا، "اس سال پولیو کیسز میں غیر معمولی اضافے نے یہ واضح کر دیا ہے کہ پولیو مہمات اور معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے ذریعے ہر بچے کو تحفظ فراہم کرنا کس قدر اہم ہے۔ جب تک دنیا کے کسی بھی حصے میں پولیو موجود ہے، ہر بچہ اس وائرس کے مکمل خاتمے تک خطرے کی زد میں رہے گا۔" انہوں نے مزید کہا، "جاپان جیسے شراکت داروں کی مستقل حمایت کے ساتھ، یونیسف ہر بچے کو ویکسین فراہم کرنے اور پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔"

نوٹ: 

پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جس سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ اس وائرس سے بچے عمر بھر کے لیے معذور ہو سکتے ہیں، حتیٰ کہ کچھ کیسز میں بچوں کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو اس موذی مرض سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر بچایا جا سکتا ہے، اور وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔ متعدد بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں، جبکہ پاکستان اور افغانستان وہ واحد ممالک رہ گئے ہیں جہاں پولیو اب بھی بچوں کے لیے خطرہ ہے۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

مزید معلومات کیلئے رابطہ کریں:

For further information, please contact:

  • Zia Ur Rehman, Communications Specialist, UNICEF, عنوان البريد الإلكتروني هذا محمي من روبوتات السبام. يجب عليك تفعيل الجافاسكربت لرؤيته.
  • Ms Hania Naeem, Communications Officer, NEOC, +923431101988; عنوان البريد الإلكتروني هذا محمي من روبوتات السبام. يجب عليك تفعيل الجافاسكربت لرؤيته.
  • Ojima, Naohiro, JICA, 051-9072500, Email:  عنوان البريد الإلكتروني هذا محمي من روبوتات السبام. يجب عليك تفعيل الجافاسكربت لرؤيته.
  • Ms. Sania Jehanzeb, Embassy of Japan, +92 51 907-2500, Email: عنوان البريد الإلكتروني هذا محمي من روبوتات السبام. يجب عليك تفعيل الجافاسكربت لرؤيته.