اسلام آباد، 10 اگست 2024 – نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) نے پولیو کے خاتمے کی جاری کوششوں کا جائزہ لینے اور نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان (NEAP) 2024-2025 پر غور کرنے کے لئے قومی پولیو مینجمنٹ ٹیم کے ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا۔
وزیرِ اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق کی صدارت میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں قومی اور صوبائی کوآرڈینیٹرز، کور ٹیم کے ارکان، ڈاکٹر ظفر اقبال چنا (FDI کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل)، ٹرسٹی روٹری فاؤنڈیشن اور پاکستان نیشنل پولیو پلس کمیٹی کے چیئرمین عزیز میمن سمیت مختلف عطیہ دہندگان کے نمائندگان شامل تھے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں موجودہ ترجیحات، پروگرام کے وژن اور 2024 کے بقیہ حصے کے لئے سپلیمنٹل امیونائزیشن ایکٹیویٹیز (SIAs) کے اسٹریٹجک پلان کا قومی جائزہ شامل ہے۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں نیشنل ٹاسک فورس (NTF)، ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ (TAG) اور انڈیپنڈنٹ نگرانی بورڈ (IMB) کی سفارشات کو بھی مدنظر رکھا گیا۔
اپنے خطاب میں، وزیرِ اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا، 'یہ قومی پولیو مینجمنٹ ٹیم کا اجلاس ہمارے لیے ایک اہم موقع ہے کہ ہم اپنی حکمت عملیوں کا تنقیدی جائزہ لیں اور اپنے طریقہ کار کو مزید بہتر بنائیں۔ اپنے تجربات سے سیکھ کر اور اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کر کے ہم جون 2025 کے وسط تک پولیو کے خاتمے کے اپنے ہدف کو حاصل کر سکتے ہیں۔
اس اہم مرحلے پر، وزیرِ اعظم، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور اہم ادارے پولیو کے خاتمے کے لئے اپنے عزم کو انتہائی بلند سطح پر برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ "وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والی اسٹاک ٹیک میٹنگ ہمارے لئے انتہائی اہم ہے کہ ہم موجودہ رفتار کو بہتر استفادہ کے لئے کس حد تک مؤثر طریقے سے استعمال کر سکتے ہیں۔ 'ایک ٹیم'کے طور پر میں پُر اعتماد ہوں کہ ہم اپنی قوم اور عالمی برادری کے ساتھ کیے گئے پولیو کے خاتمے کے وعدوں کو پورا کریں گے،"انہوں نے مزید کہا۔
قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے کوآرڈینیٹر، کیپٹن (ر) انور الحق نے متحدہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: 'یہ قومی پولیو منیجمنٹ ٹیم کا اجلاس ہمارے مشترکہ عزم اور پولیو کے خاتمے کے لئے ہماری حکمت عملی کو اجاگر کرتا ہے۔ قومی اور صوبائی ٹیموں کی مشترکہ کوششیں ہمارے حتمی مقصد کے حصول میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔
اس کے علاوہ، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن (FDI) کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر ظفر اقبال چنا نے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالے سے اپ ڈیٹ فراہم کی۔ انہوں نے 2023-24 کے دوران حاصل کردہ ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے 2024-25 کے لئے منصوبہ پیش کیا۔
اختتامی سیشن میں اسٹیک ہولڈرز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ویکسینیشن کی کوششوں کو مزید تیز کرنے اور ہر بچے تک ویکسین کی رسائی کو یقینی بنانے کی کوشش جاری رکھی جائے گی تاکہ پاکستان کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کرنے کے مشترکہ مقصد کو حاصل کیا جا سکے۔
نوٹ:
پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جس سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ اس وائرس سے بچے عمر بھر کے لیے معذور ہو سکتے ہیں، حتیٰ کہ کچھ کیسز میں بچوں کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو اس موذی مرض سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر بچایا جا سکتا ہے، اور وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔ بچوں کو متعدد بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں، جبکہ پاکستان اور افغانستان وہ واحد ممالک رہ گئے ہیں جہاں پولیو اب بھی بچوں کے لیے خطرہ ہے۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔
مزید معلومات کیلئے رابطہ کریں:
Ms. Hania Naeem, Communications Officer, NEOC, +923431101988
عنوان البريد الإلكتروني هذا محمي من روبوتات السبام. يجب عليك تفعيل الجافاسكربت لرؤيته.